افغان میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ انٹر سروسز انٹیلی جنس ( آئی ایس آئی ) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے گزشتہ روز دورۂ کابل کے دوران افغان سیاسی جماعت حزبِ اسلامی کے بانی و سربراہ گلبدین حکمت یار سے بھی ملاقات کی ہے۔
افغان میڈیا کا کہنا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور گل بدین حکمت یار کے درمیان افغان جامع حکومت سے متعلق تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔
واضح رہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے گزشتہ روز افغانستان کے دارالحکومت کابل کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے طالبان شوریٰ کی دعوت پر قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں۔
اس دوران ڈی جی آئی ایس آئی کی طالبان رہنماؤں سے پاک افغان اقتصادی و تجارتی تعلقات، سیکیورٹی و سرحدی صورتِ حال پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔
طالبان رہنماؤں اور سربراہ آئی ایس آئی نے ہوائی اڈوں کی تعمیرِ نو، ڈیورنڈ لائن پر افغان پناہ گزینوں کی حالتِ زار پر بھی گفتگو کی جبکہ دہشت گرد تنظیموں کو صورتِ حال کا فائدہ نہ اٹھانے دینے پر اتفاق بھی کیا۔
اس موقع پر طالبان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاکستان قابلِ بھروسہ دوست ملک ہے، قیام امن کے لیے اس کا تعاون چاہیئے۔
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کا کہنا تھا کہ پریشان نہ ہوں سب کچھ ٹھیک ہو جائے گا۔