ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے شہر میں صفائی کے مثالی انتظامات یقینی بنانے کا حکم دیا ہے اور ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں کو کمپنی کی کارکردگی کی خود نگرانی کی ہدایت کی ہے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ایک ہفتے میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیر اور ملبہ جات کی صفائی کا ٹاسک مکمل کرے،افرادی قوت اور مشینری کی کمی پوری کی جائے کمپنی کا دائرہ کار نواحی علاقوں تک بھی بڑھایا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ اپنے آفس میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی انتظامیہ کی بریفنگ لیتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں اور منیجنگ ڈائریکٹر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فخر الاسلام ڈوگر بھی ہمراہ تھے۔منیجنگ ڈائریکٹر فخرالسلام ڈوگر نے کمپنی کے معاملات پر تفصیلی بریفننگ دی۔کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محدود وسائل میں شہری یونین کونسلز میں بہتر صفائی کررہی ہے۔ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ اندرون شہر سمیت گنجان آباد علاقوں میں خصوصی سکواڈ تشکیل دیا جائے اور جدید مشینری کی خریداری کیلئے پروکیورمنٹ کا بھی فوری آغاز کیا جائے۔عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ کمپنی میں کرپشن اور بوگس حاضریوں کا کلچر دفن کرینگے۔