• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہیں: اعظم سواتی


وزیرِ ریلوے اعظم سواتی سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکشن کمیشن پر برس پڑے۔

چیئرمین تاج حیدر کی زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس ہوا جس میں الیکٹرنک ووٹنگ مشین کے معاملے پر بات کرتے ہوئے اعظم سواتی نے الزام عائد کر دیا کہ الیکشن کمیشن نے پیسے پکڑے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا باعث ہے، آپ جہنم میں جائیں، ایسے اداروں کو آگ لگا دیں۔

وزیرِ ریلوے نے کہا کہ ہم نے اپنی سینیٹر ثمینہ ممتاز کو کہا ہے کہ وہ آج کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کریں، نہیں چاہتے کہ سینیٹ کا وقار کسی طرح سے مجروح ہو۔

اعظم سواتی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن ہمیشہ دھاندلی کرتا رہا ہے، الیکشن کمیشن ملک کی جمہوریت کو تباہ کرنے کا ضامن ہے۔

اعظم سواتی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کے حکام کمیٹی کے اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔

اعظم سواتی نے کمیٹی کے چیئرمین سے کہا کہ آپ ہماری رکن کو ووٹنگ کے لیے آن لائن نہیں لے رہے، ہم کمیٹی اجلاس سے واک آؤٹ کرتے ہیں۔

جس کے بعد اعظم سواتی، حکومتی ارکان اور وزراء بھی ووٹنگ سے قبل کمیٹی کے اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے۔

ادھر قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور میں الیکشن ایکٹ ترمیمی بلز پر ووٹنگ ہوئی، کمیٹی نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال سے متعلق ترمیم مسترد کر دی۔

کمیٹی نے سمندر پار پاکستانیوں کے لیے آئی ووٹنگ سے متعلق ترمیم بھی مسترد کر دی۔

دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر نے وزیرِ ریلوے اعظم سواتی کے الزامات پر الیکشن کمیشن میں ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔

تازہ ترین