مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے سینیٹ کی پارلیمانی امور کی کمیٹی کے اجلاس میں حکومتی دھمکیوں کی مذمت کی ہے۔
جاری کیئے گئے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر حکومت کے پاس دلیل نہیں دھمکی ہے، ای وی ایم کا آئیڈیا مسترد کرنے پر حکومت الیکشن کمیشن کو دھمکانے پر اتر آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ثابت ہو گیا کہ حکومت کے پاس ای وی ایم پر اٹھنے والے فنی و تکنیکی سوالات کا کوئی جواب نہیں، الیکشن کمیشن نے ٹھوس اور واضح فنی، تیکنیکی اور قانونی اعتراضات کیئے ہیں۔
مسلم لیگ نون کے صدر نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے شفافیت کے مسائل کی نشاندہی کی جن کا حکومت کے پاس کوئی جواب نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلے پارلیمان میں قانون سازی کو بلڈوز کیا گیا، آج حکومتی رویے پر الیکشن کمیشن کے نمائندوں کو واک آؤٹ کرنا پڑا۔
اپوزیشن لیڈر کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزراء کی اداروں کو آگ لگانے اور جہنم میں جانے کی گفتگو ریاست دشمن رویہ ہے، یہ رویہ دہشت گردانہ اور انتہائی قابلِ مذمت ہے۔