وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی کے بیان پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ اعظم سواتی نے الیکشن کمیشن سے متعلق کیا بات کی مجھے علم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے وفاقی وزیر ریلوے کی گفتگو کا پس منظر معلوم نہیں تبصرہ نہیں کرسکتا۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کا کنڈکٹ ان کے عہدے سے مطابقت نہیں رکھتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) پر اپوزیشن کے اعتراضات مضحکہ خیز ہیں۔
فواد چوہدری نے یہ بھی کہا کہ ای وی ایم پر اپوزیشن کے اعتراضات پر بحث ہوسکتی ہے، مسئلہ یہ ہے کہ الیکشن کمیشن خود کو پارلیمان سے بالا سمجھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ لوگ ای وی ایم کے خلاف ہیں جنہیں ٹیکنالوجی کا کچھ بھی معلوم نہیں ہے، دنیا کے 22 ملکوں میں اس وقت ای وی ایم پر الیکشن ہوتے ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کیسے کرانا ہے یہ الیکشن کمیشن کا نہیں، حکومت اور اپوزیشن کا کام ہے، انتخابی دھاندلی ختم کرنے کا بہترین حل الیکٹرانک ووٹنگ مشین ہے۔