• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان: کورونا وائرس کیسز 12 لاکھ، شرح 6 فیصد سے کم


سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 31 ویں نمبر پر پہنچ گیا، کافی دنوں بعد مثبت کورونا کیسز کی شرح 6 فیصد سے کم ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 480 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 82 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 3 ہزار 121 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 50 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 26 ہزار 662 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 1 ہزار 367 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 91 ہزار 717 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 373 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 10 لاکھ 82 ہزار 988 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 63 ہزار 181 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 84 لاکھ 10 ہزار 778 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 لاکھ 73 ہزار 783 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 6 کروڑ 73 لاکھ 42 ہزار 288 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 2 کروڑ 16 لاکھ 13 ہزار 626 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 43 ہزار 521 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے کُل اموات 7 ہزار 116 ہو گئیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے اب تک 4 لاکھ 11 ہزار 808 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کُل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 12 ہزار 198 ہو چکی ہیں۔

خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 67 ہزار 782 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کُل اموات 5 ہزار 225 ہو گئیں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 1 لاکھ 2 ہزار 347 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں، جبکہ اب تک یہاں کُل 886 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 33 ہزار 210 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کُل 716 مریض وفات پا چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے بلوچستان میں 32 ہزار 549 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 342 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔

گِلگت بلتستان میں 10 ہزار 150 کورونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے اب تک 179 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

تازہ ترین