پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی پر بیلٹ چوری کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب انہیں پتا چلا کہ ن لیگ جیت گئی ہے تو بیلٹ پیپر چوری کروادیے، ہمیں پتا تھا یہ اپنے کرتوت سے باز نہیں آئیں گے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ منشا سندھو پی ٹی آئی کا بدنام زمانہ غنڈہ ہے، منشا سندھو اپنے ساتھ ہاکیوں سے لیس لوگ لے کر آیا تھا، پولیس نے غنڈوں کو موقع دیا، ہم پُرامن وہاں موجود تھے، وہ لوگ منصوبہ بندی کے تحت آئے تھے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ انتظامیہ کو خبردار کرنا چاہتی ہوں کہ 4 بندے دیکھ کر جو حرکت کی ہے اس سے شہر میں آگ لگ جائے گی، خاتون کو ٹھڈے، ہاکیاں مارنا کون سا انصاف ہو رہا تھا، پولیس اپنے سامنے یہ سب کچھ کروارہی تھی۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ واقعہ کی فوٹیج موجود ہے، پتا تھا اپنی ناکامی دیکھ کر یہ بوکھلائیں گے، وہاں پر کیا بےہودگی کی گئی ہے اس کی ویڈیو جاری کروں گی۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ منشا سندھو اور اس کے غنڈے گرفتار نہیں ہوئے تو ہمیں قانون ہاتھ میں لینے سے نہیں روک پائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قانون صرف ہمارے لیے رہ گیا ہے؟ آپ نے وہاں رزلٹ نہیں دیا، رزلٹ چوری کرنے کی کوشش کی، ہم سب یہاں کھڑے ہیں، سعد رفیق ہمیں لائحہ عمل دیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اگر قانون نے اپنا راستہ نہ لیا اور غنڈوں کو کھلی چھٹی دی تو ہم بھی لائحہ عمل بنائیں گے، پی ٹی آئی کا اصل چہرہ عوام کو دکھائیں گے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ کیا عمران خان نے خود اپنی موجودگی میں پولیس اسٹیشن پر حملہ کر کے اپنے بندے نہیں چھڑوائے تھے؟ ہم اس وقت تک پُرامن رہیں گے جب تک یہ ہمیں پُرامن رہنے دیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ سلیکٹڈ نے اپنی اصلیت دکھائی، ڈسکہ میں دھند ایسے ہی نہیں پڑ گئی تھی۔