رواں سال فرسٹ کلاس کرکٹر شہزر محمد کے ساتھ رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے والی معروف اداکارہ سوہائے علی ابڑو کی تُرکی کی سڑک پر ڈانس کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سوہائے علی ابڑو کی ماضی کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جس میں وہ پاکستان کے دوست ملک تُرکی میں موجود ہیں۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سوہائے علی ابڑو تُرکی کی سڑک پر موجود ہیں جہاں وہاں کے مقامی آرٹسٹ اپنے ملک کا روایتی میوزک بجاتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
سڑک پر سوہائے سمیت کئی افراد موجود ہیں جو اُن فنکاروں کا میوزک سُن رہے ہیں اور اُنہیں خوب سراہ رہے ہیں۔
ایسے میں سوہائے علی ابڑو خود پر قابو نہ پاسکیں اور اُنہوں نے تُرکی کی روایتی موسیقی پر شاندار ڈانس کرنا شروع کردیا اور اُن کے ساتھ موجود معروف فوٹوگرافر اشنا خان بھی خود کو نہ روک سکے۔
سوہائے علی ابڑو کے ڈانس کو وہاں موجود مقامی افراد نے خوب پسند کیا اور تالیوں کی گونج میں اُن کی تعریف کی۔
یہ ویڈیو دیکھنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سوہائے علی ابڑو پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔
دوسری جانب ابھی تک اداکارہ کی جانب سے اُن کی اس ویڈیو پر کسی قسم کا کوئی ردّعمل سامنے نہیں آیا ہے۔
یاد رہے کہ سوہائے علی ابڑو نے رواں سال مارچ کے مہینے میں شہزر محمد سے شادی کی تھی، شادی کی تقریب سادگی سے منعقد کی گئی تھی، شادی کی تقریب میں پاکستان کے معروف اداکار ہمایوں سعید سمیت شوبز اور کھیلوں کی دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔
شہزر محمد پاکستان کے سابق کرکٹر شعیب محمد کے بیٹے اور سابق مرحوم کپتان حنیف محمد کے پوتے ہیں۔ شہزر محمد نے اپنے والد اور دادا کی طرح پاکستان کی فرسٹ کلاس کرکٹ میں ڈبل سنچری بنا رکھی ہے۔