• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرمنل لاء میں اصلاحات کی ضرورت ہے: فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ کرمنل لاء میں اصلاحات کی ضرورت ہے، وزارتِ قانون نےبریفنگ دی ہے کہ کرمنل جسٹس سسٹم میں تبدیلیاں متعارف کرائی گئی ہیں۔

فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کا ایجنڈا ہے کہ قانون کو پاکستان میں بہتر کرنا ہے، الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کے حق پر بریفنگ دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے اسپیکٹرم پر بریفنگ دی ہے، آئندہ سال 5 جی لانچ کردیا جائے گا جس میں کئی کمپنیوں نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 14 اگست 2021ء کو ایف بی آر کی ویب سائٹ ہیک کرنے کی کوشش کی گئی تھی، ایف بی آر کا زیادہ تر ڈیٹا محفوظ ہے، ایف بی آر نے مختلف کمپنیوں کی خدمات لی ہیں تاکہ ڈیٹا محفوظ بنا یا جاسکے، ہیکرز نے پاکستان کی ویب سائٹس پر 10 لاکھ حملے کیئے، جنہیں محفوظ بنایا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت نے اسرائیلی کمپنی کے ساتھ مل کر پاکستانی واٹس ایپ یوزرز کا ڈیٹا ہیک کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں ہزار سی سی کی گاڑیوں کے پارٹس پر ڈیوٹی کم کی ہے، جس سے قیمتوں میں کمی ہوگی، ہیوی وہیکلز میں کسٹم ڈیوٹی ہٹائی گئی ہے، اس سے بھی قیمتیں کم ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ گندم کی پروکیورمنٹ میں تاخیر پر وزیرِ اعظم نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ارکان کی 10 فیصد الاؤنس میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی گئی ہے، معیشت پر بوجھ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

تازہ ترین