• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالا قانون نامنظور، پی ایم ڈی اے پر کوئی مذاکرات نہیں ہونگے، پی ایف یو جے

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) کے صدر شہزادہ ذوالفقار نے حکومت کی جانب سے مجوزہ میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی بل کے نام پر کالے قانون کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سماج کیلئےلڑ رہے ہیں اور اس میں ہم سرخرو ہونگے، سرکاری فنڈ والے لوگوں کا کیمپ بھی کل لوگوں نے دیکھ لیا کہ ادھر کتنے لوگ تھے، کل ملک بھر کے صحافیوں نے بتا دیا کہ ان کی قوت کیا ہے، دھرنے کی کامیابی سے حوصلہ بڑھا ہے، حکومت کی طرف سے یہ تاثر دینا کہ بل صحافی ورکروں کے حق میں ہے اور مالکان اسے نہیں لانا چاہتے ختم کریں گے،بل کو اردو میں ترجمہ کر لیا ہے اس کو جلد شیئر کر رہے ہیں،ملک بھر کی مزدور تنظیموں اور سول سوسائٹی کو بتائیں گے کہ بل میں حکومت کیا کرنے جا رہی ہے، پی ایف یو جے کا 3 روزہ اجلاس کل سے لاہور میں ہو رہا ہے، اجلاس میں تحریک کے حوالے سے اہم فیصلے کریں گے، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سیکرٹری جنرل ناصر زیدی، دھرنا ایکشن کمیٹی کے چیئرمین افضل بٹ، صدر آر آئی یو جے عامر سجاد سید اور جنرل سیکرٹری طارق علی ورک کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز کا کامیاب دھرنا پی ایف یو جے اور آر آئی یو جے کی قیادت اور کارکنوں کی بے لوث محنت اور لگن کا نتیجہ ہے، فواد چودھری سمجھتے ہیں کہ سرکاری ٹی وی، اے پی پی اور تنخواہ دار یو ٹیوبرز سے سارے ملک کے میڈیا کو ہانک لیں گے،ہم پوری قوت سے بل کے خلاف جدوجہد کریں گے، حکومت فواد چوہدری کے پیچھے نہیں تو معاملے کا نوٹس لے ۔

تازہ ترین