• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف پاکستانی اداکار گوہر رشید نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ پر پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکنِ سندھ اسمبلی شرمیلا فاروقی کی جانب سے آنے والے ردِعمل کا فیس بُک  پر جواب دیا ہے۔

گوہر رشید کی جانب سے پاکستانی ڈرامے کے ایک منظر کی وائرل ویڈیو کلپ کے حوالے سے کی گئی پوسٹ پر شرمیلا فاروقی کے ردِعمل کا جواب دیتے ہوئے لکھا گیا ہے کہ ’محترمہ شرمیلا فاروقی ! پھر ہم اس بدی کے اس تسلسل کو کیسے توڑ سکتے ہیں؟‘

انہوں نے لکھا کہ ’خواتین کی اس ساری ناانصافی کو برداشت کرنے کی بنیادی وجہ خوف ہے، وہ اصول ہیں جو ہمارے غیر مہذب معاشرے نے بنائے ہیں۔‘

انہوں نے مزید لکھا کہ ’اب یہ خوف ان خواتین کی ذہنیت بنتا جا رہا ہے اور اس ذہنیت کو تبدیل صرف ایک نظریہ کر سکتا ہے۔‘

گوہر رشید نے لکھا کہ ’ہمارے معاشرے میں مردوں کی طرف سے ہونے والے مظالم، ناانصافی یا زیادتی سے خوفزدہ نہ ہونے کا نظریہ۔‘


انہوں نے اپنے ڈرامے سے وائرل ہونے والے سین کے بارے میں لکھا کہ ’تھپڑ والے سین میں ایک ایسی عورت کو دکھایا گیا ہے جو اپنے لیے تشدد کے خلاف آواز اٹھاتی ہے جو کہ بدی کے اس تسلسل کو توڑنے کی طرف ایک قدم ہے۔‘

انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’ظلم ایک انتخاب، یہ دراصل آنے والی نسل کے لیے ایک نظریہ ہے کہ جہاں کسی بھی عورت کو معاشرتی اصولوں کی وجہ سے زیادتی یا مظلوم کو قبول نہیں کرنا چاہیے اور اگر وہ ظلم کو برداشت کرتی ہے تو یہ ایک ذہنیت نہیں ہے بلکہ اس کا اپنا انتخاب ہے۔‘

خیال رہے کہ گزشتہ روز اداکار گوہر رشید نے سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کو ڈرامہ سیریل ’لاپتہ‘ میں کام کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے صرف تھپڑ والے سین کی وجہ سے اس ڈرامے میں کام کرنے کا انتخاب کیا تھا، یہ ثابت کرنے کے لیے کہ ظلم کا انتخاب انسان خود اپنے لیے کرتا ہے۔

جس پر شرمیلا فاروقی نےاداکار کی اس پوسٹ پر ردِ عمل دیتے ہوئے لکھا تھا کہ ظلم انتخاب نہیں بلکہ ایک تلخ حقیقت ہے۔

انہوں نے لکھا کہ ’عورت اپنی مرضی سے ظلم کا شکار نہیں ہوتی بلکہ یہ اس کی مجبوری ہے کیونکہ وہ ظلم کا جواب نہیں دے سکتیں اور شوہر پر منحصر ہونے کی وجہ سے اسے چھوڑ بھی نہیں سکتیں ۔‘

واضح رہے کہ ڈرامہ سیریل ’لاپتہ‘ کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے جس میں اداکارہ سارہ خان جو کہ اس ڈرامے میں اداکار گوہر رشید کی اہلیہ کا کردار ادا کررہی ہیں، اُنہیں اپنے شوہر کو تھپڑ کے جواب میں تھپڑ مارتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

تازہ ترین