ٹرانسپورٹ فار لندن اور لندن کے میئر صادق خان نے لندن میں بس اور ٹرام کے سنگل کرایے کو مزید چار ماہ کے لیے ایک پاؤنڈ 75 پنس برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
موجودہ کرایے کی مدت 5 جولائی کو ختم ہونا تھی، تاہم اسے یکم نومبر تک توسیع دے دی گئی ہے۔
یکم نومبر سے سنگل کرایہ 10 پینس اضافے کے بعد ایک پاؤنڈ 85 پنس ہو جائے گا، رعایتی کارڈ رکھنے والوں کے لیے کرایے میں صرف 5 پینس اضافہ ہوگا، جبکہ روزانہ کرایے کی حد 30 پینس بڑھ کر 5 پاؤنڈ 55 پنس ہو جائے گی۔
لندن میں بس اور ٹرام کے کرایوں کو گزشتہ چند برسوں کے دوران کئی مرتبہ منجمد رکھا گیا ہے اور موجودہ سنگل کرایہ ایک پاؤنڈ 75 پنس مارچ 2023 سے برقرار ہے۔
ٹی ایف ایل کے مطابق اگر 2016 سے کرایوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جاتا تو آج سنگل کرایہ تقریباً 2 پاؤنڈ 35 پنس ہوتا۔
لندن کے میئر صادق خان کا کہنا ہے کہ زندگی گزارنے کے بڑھتے ہوئے اخراجات لندن کے شہریوں کو متاثر کر رہے ہیں، اور وہ کرایوں کو ممکنہ حد تک کم رکھنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’’ویک اینڈ ہوپر‘‘ بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کے تحت 25 جولائی سے اگست کے اختتام تک ہفتہ اور اتوار کے روز صرف ایک پاؤنڈ 75 پنس کا ایک سنگل کرایہ ادا کرکے پورا دن بسوں اور ٹراموں میں لامحدود سفر کیا جا سکے گا۔