س۔ میں نے بزنس ایڈمنسٹریشن میں بیچلرز کیا ہے اور میری اسپیشلائزیشن مارکیٹنگ ہے اور اس میں میرے حاصل کردہ نمبر 67فیصدتھے،اس کے ساتھ ساتھ میری تحریری اور زبانی انگلش کمیونکیشن بہت اچھی ہے،اپنی ڈگری مکمل کرنے کے بعد میں تھوڑا کنفیوژ ہوں کہ کس کیریئر کا انتخاب کروں-ملازمت یا بزنس؟ (علی رضا،ساہیوال)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ مارکیٹنگ یا سپلائی چین مینجمنٹ میں سے کسی ایک ایریا کا انتخاب کریںاُس کے لیے آپ کسی ملٹی نیشنل آرگنائزیشن یا کسی اچھی فرنچائز میں اپلائی کر سکتے ہیں ،اگر آ پ کو ملازمت نہیں ملتی تو کوشش کریںکہ آپ انٹرن شپ حاصل کریںکیونکہ اس سے آپ کو ایک بڑے ادارے میںکام کے ماحول کو سمجھنے میں آسانی ہو گی اور اس سے آپ مختلف تعلقات بھی بنا سکتے ہیں جو مستقبل میں آپ کے لئے مددگار ثابت ہوں گے۔
س۔سر میں نے 2012میں ایم بی اے مارکیٹنگ کیا ہے اور گزشتہ بارہ سال سے لوجسٹک کی فیلڈ میں کام کر رہا ہوں ،اس شعبے میں آمدنی بہت کم ہوتی ہے اور سب سے بڑی پریشانی کی وجہ یہی ہے،میں نے کبھی سرکاری ملازمت کے لیے بھی نہیں اپلائی کیا کیونکہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ اس میں ملازمت کے مواقع بہت کم ہوتے ہیں اور مقابلہ بہت سخت ہوتا ہے،لہذا آپ مجھے مشورہ دیں کہ میں آیا ایل ایل بی کروں یا بی ایس سی آنرز (وژن سائنس) میں کروں،برائے مہربانی مجھے یہ بھی بتائیں کہ کیا میں اپنا بزنس کر سکتا ہوں ،میں نے اپنی تمام زندگی کی کچھ جمع پونجی رکھی ہے اُس سے میں بزنس کی شروعات کر سکتا ہوں؟(فیضان منیر،اسلام آباد)
ج۔آپ کی قابلیت اور تجربہ کے لحاظ سے میں یہ سمجھتا ہوں کہ آپ کو ملٹی نیشنل کمپنی یا انٹرنیشنل فرنچائزمیں سے کسی ایک میں ملازمت کے لئے اپلائی کرنا چاہئے اور یقینا آپ اس میں کامیاب ہوں گے،فل الحال آپ ایک بہترین پروفیشنل سی وی بنائیںجس میں آپ اپنی اکیڈمک ہسٹری کے ساتھ ساتھ اپنے تجربے کی تفصیلات بھی بہتر طریقے سے لکھیں،جہاں تک کاروبار کرنے کا سوال ہے یہ آپشن بھی اچھا ہے لیکن یہ سب آپ کی صحیح ذہنیت اور کاروبار کے انتخاب پر منحصر ہے کیونکہ اگر کاروبار کا انتخاب غلط ہو گیا تو آپ اپنی جمع پونجی کھو دیں گے اس لئے یہ بہت ضروری ہے آپ جو کام بھی کریں سوچ سمجھ کر کریں۔
س۔سر میں نے پنجاب یونیوسٹی لاہور زراعت کے شعبے میں داخلہ لیا ہے۔میرے والدین چاہتے ہیں کہ میں اسی شعبے میں اپنی تعلیم جاری رکھوں جبکہ میرا رجحان مائیکرو بائیولوجی میں زیادہ ہے او ر اسی فیلڈ میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔برائے کرام میری رہنمائی فرمائیں؟(محسن رمضان،لاہور)
ج۔مائیکروبائیولوجی اور سیلولر بائیولوجی دونوں کی بہت زیادہ مانگ ہے اور کیرئیر کو چار چاندلگانے میں موثر اور فائدہ مند ہے۔زراعت کا شعبہ آپ کے لئے فائدہ مند نہیں ہے جبکہ شعبہ ِمائیکروبائیولوجی میں آپ ریسرچ تجزیہ کارکی حیثیت سے کام کر سکتے ہیں اور اس میں آگے بڑھنے کے بھی بہتر مواقع ہیں۔
س۔سر میں ماس کمیونیکیشن کا طالبعلم ہوں اور تعلیم کے چنائو میں آپ سے رہنمائی چاہتا ہوں،کیا مجھے صحافت(جرنلزم) اردو یا انگلش میں کرنا چاہئے؟ برائے کرم مجھے بتائیں کہ میرے کیریئر کے لئے بہتر کیاہے؟ (زعیم خان،لاڑکانہ)
ج۔اگر آپ صحافت(جرنلزم)کرنے کا سوچ رہے ہیں اورلوکل یا انٹر نیشنل میڈ یا میں اپنا نام اور لوہا منوانا چاہتے ہیںتو آپ کوانگلش میں لکھنے اور پڑھنے میں اچھی مہارت اور سمجھ ہونی چاہئے ۔
س۔سر میں نے بی ایس سی (آنرز)الیکٹرونکس میں لاہور سے 2013میں کیا اور اب میں مارکیٹنگ کے شعبے میں ملازمت کر رہی ہوں۔یہ شعبہ میری تعلیم سے بالکل مختلف ہے اور بد قسمتی سے اس شعبے میں خواتین بہتر طریقے سے کام نہیں کر سکتیں۔میں اپنی تعلیم پھر سے شروع کرنا چاہتی ہوں اور ساتھ ساتھ میں اپنی ملازمت بھی جاری رکھوں گی،آپ سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی کریں کہ میرے لئے بہتر فیلڈ کون سی ہے؟ (آمنہ انور،لاہور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ موجودہ ڈگری کے ساتھ ماسٹر مینجمنٹ میں کریںاور آپ ٹیکنالوجی مینجمنٹ یا انڈسٹریل مینجمنٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتی ہیں۔اس سے آپ کا کیریئرمینجمنٹ ایریا کی طرف شروع ہو گا۔