• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت بچوں کی ویکسی نیشن کیلئے اقدامات کرے، ماہرین

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ماہرین امراض اطفال نے کہا ہے کہ بچوں کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ویکسین لگوانا انتہائی ضروری ہے۔ پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں اب تک 211بچے جاں بحق ہو چکے ہیں اس لئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بچوں کی ویکسی نیشن کی جائے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر پروفیسر جمال رضا، پروفیسر جلال اکبر اور سیکرٹری جنرل ڈاکٹر خالد شفیع نےبدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔پروفیسر جمال رضا نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہے جن میں سے تقریباً 211 بچے اس مرض کی پیچیدگیوں کا شکار ہو کر جاں بحق ہو چکے ہیں۔ اگرچہ بچوں میں ہلاکتوں کی شرح بہت کم ہے لیکن اس مرض میں مبتلا بچے اس وائرس کو اپنے والدین اور نانا نانی، دادا دادی سمیت خاندان کے دیگر افراد میں پھیلانے کا سبب بن رہے ہیں۔انہوں نے حکومت پاکستان سے ملک میں بارہ سال کی عمر سے بڑے تمام بچوں کی ویکسی نیشن کا مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی ویکسی نیشن کے لیے اجازت نامے کے حوالے سے والدین کو پریشانی ہے۔15سال سے زائد عمر کے بچوں کو فائزر ویکسین لگوائی جارہی ہے۔

تازہ ترین