• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارجنٹائن، 1982میں فاک لینڈ جنگ میں مارے گئے ارجنٹائن کے6 فوجیوں کی باقیات کی شناخت

بیونس آئرس (اے پی پی)ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی نے کہا ہے کہ 1982 میں برطانیہ کے ساتھ فاک لینڈ کی جنگ میں مارے گئے ارجنٹائن کے6 فوجیوں کی باقیات کی شناخت ہو گئی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ باقیات مشرقی فاک لینڈ جزیرے پر واقع ڈارون قصبے کے قریب ایک اجتماعی قبر سے برآمد ہوئیں ۔ باقیات کی شناخت کرنے والی ٹیم کے سربراہ لارینٹ کورباز نے کہا کہ وہ اس عمل کا حصہ بننے اور خاندانوں کی غیر یقینی صورتحال کو ختم کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی (آئی سی آر سی ) نے کہا کہ ارجنٹائن ٹیم آف فرانزک اینتھروپولوجی (ای اے اے ایف) جس نے میکسیکو اور ایل سلواڈور جیسی جگہوں پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار ہونے والوں کی شناخت میں مدد کی ہے نے بھی باقیات کی شناخت میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ باقیات کو ان کے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے ۔ واضح رہے کہ ارجنٹائن کی افواج نے 1982 میں جزائر پر حملہ کیا ، برطانیہ نے 10 ہفتوں کی جنگ کے بعد دوبارہ کنٹرول حاصل کیا جس میں 649 ارجنٹائنی ، 255 برطانوی فوجی اور جزیرے کے تین افراد ہلاک ہوئے۔ جنگ کے بعد ارجنٹائن کے 237 فوجیوں کو ڈارون قبرستان میں 230 قبروں میں دفن کیا گیا۔ جس کے بعد چار سال قبل 122 ارجنٹائن کے فوجیوں کی باقیات کو قبروں سے نکالا گیا جن میں سے 115 کی شناخت ڈی این اے سے ہوئی۔
تازہ ترین