• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: تیز بارش تھم گئی، سڑکیں تالاب بن گئیں

کراچی میں آج صبح سویرے سے مسلسل ہونے والی تیز و موسلا دھار بارش کا سلسلہ تھم گیا، تاہم برسات کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث متعدد شاہراہیں اور سڑکیں تالاب بن گئیں۔

شارعِ فیصل نرسری کے مقام پر تالاب بن گئی ہے، حسن اسکوئر سے محکمۂ موسمیات جانے اور آنے والے مین یونیورسٹی روڈ پر بھی پانی جمع ہے۔

طارق روڈ سے لبرٹی سگنل جانے والی سڑک پر بھی پانی جمع ہو گیا ہے۔

شاہراہِ پاکستان پر کریم آباد، عائشہ منزل، واٹر پمپ جانے والی سڑک پر بھی پانی جمع ہو چکا ہے۔

آج ہونے والی مسلسل بارش کے نتیجے میں سہراب گوٹھ سے شفیق موڑ تک سڑک اور ناگن چورنگی اور اس کے اطراف کا علاقہ بھی زیرِ آب آگیا ہے۔

نارتھ ناظم آباد میں کے ڈی اے چورنگی سے حیدری اور سخی حسن سے ناگن چورنگی جانے والی سڑک بھی زیرِ آب آگئی ہے۔

لسبیلہ سے ناظم آباد ایک نمبر جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔

سب میرین چورنگی انڈر پاس کو بھی پانی بھر جانے کے سبب ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی، لینڈ سلائیڈنگ سے 20گاڑیوں کو نقصان

مسلسل بارش کے باعث ملیر ندی کا پانی سڑک پر آنے کے بعد کورنگی کراسنگ اور کورنگی کازوے کو بھی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

ڈرگ روڈ پر ناتھا خان پل کے مقام پر بھی پانی کئی کئی فٹ جمع ہے۔

ادھر لیاری ایکسپریس وے سے پانی کی نکاسی کر نے کے بعد ٹریفک کی روانی بحال کر دی گئی ہے۔

تازہ ترین