پاکستان کی نمبر ون اداکارہ ماہرہ خان نے پاکستان شوبز انڈسٹری کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے سالانہ ایوارڈ شو ’لکس اسٹائل ایوارڈز‘ میں اب تک کی اپنی پسندیدہ پرفارمنس کے حوالے سے بتادیا۔
حال ہی میں انہوں نے اپنی ایک پرفارمنس پر انسٹاگرام پر تبصرہ کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں 2006 کے لکس اسٹائل ایوارڈز میں شان اور صائمہ کی پرفارمنس بہت پسند ہے۔
خیال رہے کہ شان اور صائمہ نے ایک ساتھ 2006 میں ہونے والے لکس اسٹائل ایوارڈز میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا اور خوب داد سمیٹی تھی۔
شان اور صائمہ کی 2006 کے لکس اسٹائل ایوارڈز میں دی جانے والی پرفارمنس دراصل کلاسیکل تھی، جس میں دونوں نے ’تیرے عشق نچایا’ پر فارمنس دی تھی۔
اس وقت شوبز کی مقبول جوڑی نے اپنی اس پرفارمنس سے سب کو حیران کردیا تھا، اور آج بھی ماہرہ اسی پرفارمنس کی فین ہیں۔
خیال رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے سالانہ ایوارڈ شو ’لکس اسٹائل‘ میں اس برس جیو انٹرٹینمنٹ نے سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کی ہیں۔
جیو ٹی وی اپنی بہترین پروڈکشن کے لیے ٹیلی ویژن کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 25 نامزدگیاں حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔
لکس اسٹائل ایوارڈز کی آفیشل ویب سائٹ پر ووٹنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے اورصارفین اپنے پسندیدہ اداکاروں کو ووٹ کر رہے ہیں۔