• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کا غلط استعمال کرنیوالے کیخلاف مقدمہ درج کرنیکا حکم

لاہور(آصف محمودسے) پنجاب انفارمیشن کمیشن نے مبینہ بلیک میلنگ کی غرض سےآرٹی آئی قانون کا استعمال کرنے والےشخص کے خلاف ڈی پی او جھنگ کو مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ ’’جنگ‘‘ کو ملنے والی دستاویزات کے مطابق چیف انفارمیشن کمشنرمحبوب قادر شاہ نے مدثر اسماعیل بھٹی بنام میونسپل کمیٹی احمد پور سیال کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت درخواست دینے والے مدثر اسماعیل کے خلاف چیف آفیسر میونسپل کمیٹی احمد پور سیال سید سلیم اقبال کی طرف سے کمیشن کو دی گئی درخواست کی سماعت کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ مدثر اقبال جو اپنے آپ کو صحافی ظاہر کرتا ہے پہلے مختلف محکموں کے خلاف درخواستیں دیتا ہے اور اس کے بعد سرکاری اہلکاروں سے غیر قانونی طور پر پیسے لے کر معاملات طے کر لیتا ہے۔ چیف آفیسر احمد پور سیال کو مدثر اسماعیل بھٹی نے دھمکی دی کہ وہ رائٹ ٹو انفارمیشن کے تحت دی گئی درخواست پراس سے ڈیل کرنے کے لئے 120کلومیٹر دور جھنگ آئے۔ چیف انفارمیشن کمشنر نے اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی ہے کہ رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کو کئی کیسوں میں حکومتی عہدیداروں پر ذاتی مقاصد کے لئے دبائو ڈالنے کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین