• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیشگی ٹیکس کا اطلاق قانونی گوشوارے جمع کرانیوالوں پر نہیں ہوگا


اسلام آباد (حنیف خالد) ایف بی آر نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کی سیکشن 235 کی وضاحت کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بلوں پر 17فیصد پیشگی ٹیکس (ایڈوانس ٹیکس) کا اطلاق اُن ٹیکس گزاروں پر نہیں ہو گا جو اپنے ٹیکس گوشوارے بمع درست واجبات بروقت جمع کراتے ہیں۔ ٹیکس ترمیمی آرڈیننس سوئم میں اس پیشگی ٹیکس (ایڈوانس ٹیکس) کو متعارف کرانے کا مقصد اُن پیشہ ور افراد کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانا ہے جو کہ فعال ٹیکس دہندگان کی فہرست (ایکٹو ٹیکس پیئرز لسٹ) میں شامل نہیں ہیں۔ مزید براں اس آرڈیننس کے ذریعے متعارف کرائی گئی ترمیم کا اطلاق تاجر برادری پر نہیں ہو گا۔ اس سلسلے میں کسی قسم کے منفی پراپیگنڈے پر تاجر بھائی اور دکاندار ہرگز یقین نہ کریں کیونکہ اس قانونی ترمیم کا ہدف اُن پیشہ ور افراد کو ٹیکس کے دائرہ کار میں لانا ہے جو اپنی رہائشگاہوں کو کاروباری مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ ان میں پروفیشنلز شامل ہیں۔ ان پروفیشنلز میں ڈاکٹرز‘ چارٹرڈ اکائونینٹس‘ وکلاء‘ قانون دان‘ لاء چیمبرز‘ ڈینٹسٹ‘ ہیلتھ پروفیشنلز‘ انجینئرز‘ آرکیٹکٹ‘ آئی ٹی پروفیشنلز‘ ٹیوٹرز‘ یوگا وغیرہ کے ٹرینرز اور سپیشلائزڈ لوگ اور ائرکنڈیشنڈ شاپنگ مال کی دکانوں پر بھی ہو گا۔ سیکشن 235کا تعلق تاجرز اور دکاندار بھائیوں سے ہرگز نہیں ہے‘ اس قانون کا اطلاق صرف اُن پیشہ ور افراد پر ہو گا جو اپنے کاروبار کیلئے بجلی اور گیس کے رہائشی کنکشن استعمال کر رہے ہیں۔

تازہ ترین