• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پوائنٹ آف سیل مشینیں لگانا قبول نہیں،آل پاکستان انجمن تاجران

کوئٹہ(ااسٹاف رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے رہنماوں نے ایف بی آر کی جانب سے پوائنٹ آف سیل مشینیں لگانے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں حکومتیں تاجروں کو ریلیف دیتی ہیں لیکن حکومت یہاں کسی بھی تاجر کو کسی بھی قسم کا ریلیف نہیں دے رہی ، ڈیوائس لگاکر دراصل کرپشن کے نئے راستے کھولے جارہے ہیں،پوائنٹ آف سیل مشینیں نصب کرکے تاجر کو مالک سے منشی بنایا جارہا ہے، تاجر اپنے کاروبار پر کسی کی ملکیت تسلیم نہیں کریں گے ، حکومت نے اگر پوائنٹ آف سیل مشینیں لگانی ہیں تو وہ کروڑوں روپے کے بنگلوں ، گاڑیوں اور پر تعیش زندگی گزارنے والوں پر لگائے ، تاجر 29 ستمبر کو ایف بی آر کے دفتر کے باہر دھرنا دیں گے جو مطالبات تسلیم ہونے تک جاری رہے گا ، یہ بات آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ ، سیکرٹری جنرل نعیم میر ، انجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے ہفتہ کو کوئٹہ پریس کلب میں مشترکہ پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر حضرت علی اچکزئی ، یٰسین مینگل ، شاہد غفور پراچہ ، عبدالروف مغل ، اقبال اعوان ، رانا سلیم ، میاں عبدالرزاق ، ہارون میمن ، رحمت اللہ سمیت دیگر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے لوگ آئے روز مختلف ٹیکسوں کے نام پر نوٹسز بھیج کر تاجروں کو تنگ کررہے ہیں جو بھی نیا وزیر خزانہ آتا ہے وہ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے تاجروں پر نئی قدغن لگا دیتا ہے ،انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے پوائنٹ آف سیل مشینیں لگانا انتہائی نامناسب عمل ہے جسے یکسر طور پر مسترد کرتے ہیں، تاجر پہلے ہی 17 فیصد سیلز ٹیکس ادا کرتے ہیں اب ان پر مزید ٹیکس لگانے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں تاجر کنونشن میں ملک بھر کے تاجروں نے احتجا ج کی حمایت کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اگر ٹیکس نہیں دیتا ہے تو کون دیتا ہے ، وہ لوگ جو تنخواہ سے 10 ہزار روپے ٹیکس دیتے ہیں اور لاکھوں روپے کی مراعات لیتے ہیں یہ سب مراعات ہمارے ٹیکس کے پیسوں کی ہیں انہی پڑھے لکھے لوگوں نے ملک کے کئی اداروں کو بٹھادیا ،اس موقع پرانجمن تاجران بلوچستان کے صدر عبدالرحیم کاکڑ نے کہا کہ گوادر سے ژوب اور چمن تک تمام تاجروں نے یک زبان ہوکر 29 ستمبر کے احتجاج میں شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے۔ بلوچستان کے تاجر ایف بی آر کے ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف تاجر برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔
تازہ ترین