• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی کوریا کراچی میں آئی ٹی پارک بلڈنگ کیلئے 31 ارب قرض دیگا

ٹوکیو (عرفان صدیقی ) جنوبی کوریاکراچی میں آئی ٹی پارک بلڈنگ کیلئے 31ارب قرض دیگا،11منزلہ عمارت تعمیر ہونے سے 5ہزار افراد کو ملازمت کے مواقع ملیںگے،وفاقی وزارت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اورجنوبی کوریا کی حکومت کےدرمیان معاہدے پر دستخط ہوگئے۔اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق نے روزنامہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آئی ٹی پارک کا یہ منصوبہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،اس منصوبے کے تحت 5لاکھ اسکوائر فٹ پر 2ایکڑ سے زائد زمین پر 11منزلہ عالمی معیار کی جدید ترین عمارت تیار کی جائے گی جس سے5ہزار افراد کو ملازمت کے مواقع حاصل ہونگے اور اسمال اور میڈیم سیکٹر کی کمپنیوں کو جدید ترین سہولیات کے ساتھ بہترین عمارت بھی میسر آسکے گی ۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ اس منصوبے کے لیے جنوبی کوریا کی حکومت صرف صفر اعشاریہ ایک فیصد شرح سود پر 31ارب روپے فراہم کرے گی ، اس منصوبے کی فزیبلٹی سمیت دیگر کاغذی کام اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا ، کوشش ہے کہ موجودہ مالی سال میں ہی اس عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے ، وفاقی وزیر امین الحق نے بتایا کہ اس سے قبل اسلام آباد میں جنوبی کوریا کے تعاون سے عالمی معیار کا آئی ٹی پارک تکمیل کے مراحل میں ہے جس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے ، امین الحق نے بتایا کہ آئی ٹی پارک کا حالیہ منصوبہ کراچی کے آئی ٹی ماہرین کے لیے حکومت کی جانب سے تحفہ ہوگا۔

تازہ ترین