سکھر (نامہ نگار) حکومت سندھ کی ناقص پالیسی و غلط حکمت عملی کا شاخسانہ، ایم ایس کے مالیاتی اختیارات (ڈی ڈی او پاورز) ختم کرنے سے سول اسپتال سکھر کا سارا نظام متاثر ہونے لگا، 140ڈاکٹرز پانچ ماہ کی تنخواہوں سے محروم، مختلف شعبہ جات کی خراب ہونیوالی مشینری، طبی آلات، پنکھے، لائٹس ودیگر سامان کی مرمت بھی نہیں ہوسکی، ادویات کا بحران بھی شدت اختیار کرنے لگا، اسپتال پستی کی جانب گامزن، دور دراز علاقوں سے آنیوالے مریض طبی و بنیادی سہولتیں نہ ملنے کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ حکومت سندھ کی جانب سے عوام کو صحت و تعلیم سمیت بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بلند و بانگ دعوے تو کئے جاتے ہیں تاہم بعض ناقص پالیسیاں اور غلط حکمت عملی عوام کے فائدے کے بجائے نقصان کا سبب بن رہی ہے۔