جویریہ صدیق....اسلام آباد میں قائم جرمنی کے سفارت خانے میں ٹرک آرٹ کے تھیم پر پینٹ کیا گیا’’ بڈی بیئر ‘‘نصب کر کےدونوں ممالک کے درمیان قریبی ثقافتی روابط قائم کئے گئے۔
بڈی بیئرکا یہ مجسمہ جرمنی اور پاکستان کی ثقافت کا مظہر ہے ۔اس بڈی بئیر کے مجسمے کو سفارت خانے کے داخلی دروازے پر نصب کیا گیا ہے۔دو میٹر اونچا یہ مجسمہ امن و آشتی کی علامات ہے۔
اس پر ’ پھول پتی ‘ نامی ٹیم نے نقش و نگار بنائے،اس کے بانی اور کریٹو ڈائریکٹر علی سلمان انچن نے جنگ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ’’ جرمنی میں بئیر کو خاص اہمیت حاصل ہے۔ بڈی بئیر پراجیکٹ کے تحت یہ مجسمے جرمنی کی دیگر ممالک کے سفارتخانوںمیں بھی نصب ہیں اور یہ بئیر جرمن شہر برلن کی خاص پہچان ہے ۔‘‘
اس بئیر کے نقش و نگار میں پاکستانی ثقافت نمایاں ہے۔ یہ مجسمہ ٹرک آرٹ کے ساتھ مکمل کیا گیا۔اس پر مینار پاکستان پینٹ کیا گیا، اردو اور جرمن زبان میں خوش آمدید لکھاگیا۔
علی سلمان کا کہنا تھا’’کراچی میں جرمن قونصلٹ نے ہمیں اسلام آباد جرمن سفارت سے لنک کیا وہاں پر ہماری ٹیم نے بئیر پر ٹرک آرٹ کا آئیڈیا پیش کیا،پھرہم کراچی سے اسلام آباد آئے، میں نے اور چیف ٹرک آرٹسٹ ، علی حیدر نے پاکستانی ثقافت کے رنگوں کے ساتھ اس بئیر کو تیار کیااوراس پر پاکستان اور جرمنی کے جھنڈے بنائے۔
انہوں نے مزیدکہا ’’ہم اس سے پہلے جرمنی جاکر کام کرچکے ہیں جہاں ہم نے پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے مختلف پراجیکٹس کئے تھےجس میںدیوار برلن کی اوپن آرٹ گیلری میں ٹرک آرٹ سے مزین فن پارے اور گاڑی نمائش کےلئے پیشکیے۔‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’جرمنی میں واقع پاکستان کے سفارت خانے کو ٹرک آرٹ کے تھیم پر پینٹ کیا جو اپنی نوعیت کی واحد ایمبیسی ہے۔ہم چاہتے ہیں پاکستانی ٹرک آرٹ کو دنیا بھر میں متعارف کروائیں تاکہ پاکستان کا مثبت امیج ساری دنیا کے سامنے آئے کہ ہم آرٹ اور فن کے دلدادہ قوم ہیں۔‘‘