ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ بحیرہ عرب میں موجود ڈیپ ڈیپریشن کے سائیکلون بننے کا امکان ہے، سائیکلون کا رخ مغرب اور شمال مغرب کی جانب ہے، یہ سمندری طوفان شدید سمندری طوفان بھی بن سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے بتایا کہ کراچی اور زیریں سندھ کے مختلف علاقے سمندری طوفان کے اثرات کی شدت سے محفوظ ہیں، جبکہ طوفانی بارش اور تیز ہواؤں کا خطرہ ٹل گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کراچی میں کل تک وقفے وقفے سے ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے،کہیں کہیں تیز بارش بھی ہوسکتی ہے اور معمول سے تیز ہوائیں بھی چلتی رہیں گی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ طوفان بلوچستان کے ساحل کے قریب سے ہوتا ہوا اومان اور ایران کی جانب بڑھے گا، یہ سمندری طوفان شدید سمندری طوفان بھی بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ طوفان کا جھکاؤ شمال مغرب کی جانب زیادہ رہا تو بلوچستان میں تیز ہواؤں اور تیز بارش کا امکان رہے گا۔