پاکستانی لیجنڈری کامیڈین عمر شریف کے گھر معروف فنکار اور دیگر شعبے کےا فراد کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
عمر شریف کے انتقال کی اطلاع ملنے پر سلیم آفریدی اور شکیل شاہ ان کے گھر پہنچ گئے۔
سلیم آفریدی نے کہا کہ عمر شریف پاکستان کا روشن چہرہ تھے، جو گھٹن کے ماحول میں اٹھے اور دنیا فتح کرلی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں اردو سمجھی جاتی ہے، وہاں عمر شریف کے مداح ہیں، عمر بھائی ہر ایک کے دکھ درد میں شریک ہوتے تھے۔
سلیم آفریدی نے مزید کہا کہ عمر شریف بھائی لیاقت آباد سے اٹھے اور پاکستان کی آواز بنے، امیتابھ جیسے فنکار نے عمرشریف کو کاپی کیا۔
شکیل شاہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا اور عمر بھائی کا 24 برس کا ساتھ تھا، میں جب پہلی بار ملا انہیں دیکھتا رہ گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمر شریف نے پہلی بار مجھے ڈانٹ کر بلایا اور وہ ڈانٹ مجھے ایکٹر بناگئی، عمر شریف دنیا کے واحد کامیڈین تھے جو اسکرپٹ کے محتاج نہیں تھے۔