اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مابین مذاکرات کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر افغان طالبان کوئی بات چیت کررہے ہیں تو میرے نوٹس میں نہیں‘ کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات کا فیصلہ عمران خان کا ہے‘پنڈورا پیپرز ٹائیں ٹائیں فش ہے‘پنڈورا باکس کھودا پہاڑ نکلا چوہا کے مترادف ہے‘اس میں نیا کچھ نہیں۔جو نام سامنے آئے ہیں وہ تو پہلے بھی اسی طرح چل رہے تھے‘ وزیراعظم نے پنڈورا پیپرز میں موجود تمام 700 افراد کے خلاف تحقیقات کرانے کا اعلان کرکے سب کے منہ بند کر دیئے ہیں‘امریکی ڈالر ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لئے ایف آئی اے کو احکامات جار ی کر دیے گئے ہیں‘شناختی کارڈ کے حوالے سے نئی پالیسی لا رہے ہیں۔ پیر کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات شروع ہی نہیں ہوئے اور اس میں وزارت داخلہ کا کوئی کردار نہیں ہے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہتھیار پھینکنے اور پاکستان کے آئین کو قبول کرنے والوں کے ساتھ بات چیت ہو سکتی ہے، آئندہ تین ہفتوں کے اندر افغانستان کے لیے آن لائن ویزہ سروس کا اجراء کر دیا جائے گا، جعلی شناختی کارڈز کے اجراء میں ملوث 136 افراد کو معطل کر دیا ہے، اسلام آباد پولیس کی نفری میں 1000 اہلکاروں کا اضافہ کر رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے‘آئندہ چند ماہ میں جعلی شناختی کارڈ کاگند صاف کردیں گے۔