• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کی وفاق کو 16 اکتوبر سے گندم ریلیز کی یقین دہانی

وفاقی وزیر خوراک فخر امام نے ملک میں وفاق کی مقرر کردہ قیمت پر آٹے کی ریلیز یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی فخر امام کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں بتایا گیا کہ سندھ میں پنجاب اور اسلام آباد کے مقابلے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 365 روپے مہنگا ہے۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب اوراسلام آباد میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100روپے ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1465روپے سے زائد ہوگئی ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق سندھ نے وفاق کی مقررہ قیمت پرگندم کی ریلیز 16اکتوبر سے شروع کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزیرخوراک نے اس موقع پر ملک میں وفاق کی مقرر کردہ قیمتوں پر آٹے کی ریلیز یقینی بنانے پر زور دیا۔

سیکریٹری خوراک نے اجلاس میں بتایا کہ صوبوں اور پاسکو کے پاس گندم کا وافر اسٹاک موجود ہے، سندھ کے کچھ اضلاع میں گنے کی کرشنگ 25 اکتوبر سے شروع ہوجائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترجیح ہے پنجاب میں گنے کی کرشنگ نومبر کے اوائل سے شروع کی جائے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سستا سہولت بازار اور یوٹیلیٹی اسٹورز پر درآمدی چینی 90 روپےکلو ملے گی۔

بریفنگ میں بتایا کہ ریسٹورنٹ اور شادی ہال کھلنے سے مرغی کی ڈیمانڈ بڑھنے سے قیمتوں میں اضافہ ہوا، اگلے چند ہفتوں میں سپلائی میں بہتری آنے سے مرغی کی قیمتوں میں استحکام آئے گا۔

دوران اجلاس سیکریٹری صنعت نے کمیٹی کو عالمی مارکیٹ میں سویا بین اور پام آئل کی قیمتوں سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ ایف بی آر تیل کی درآمد پر ڈیوٹی کم کرنے پر نظر ثانی کر رہا ہے۔

تازہ ترین