اسلام آباد(ایجنسیاں)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ کے ساتھ کرکٹ ٹیم کی واپسی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے شکوہ کیاکہ اس یکطرفہ فیصلے سے دونوں ممالک میں کرکٹ شائقین کی دل آزاری ہوئی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ ننایا مہوٹا نے بدھ کو اپنے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ بذریعہ ویڈیو لنک رابطہ کیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں تیزی سے ابھرتے انسانی بحران سے نمٹنے اور افغانستان کی انسانی و معاشی معاونت کیلئے عالمی برادری کو ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات اٹھانا ہوں گے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانوں کو تنہائی کا شکار نہ ہونے دیا جائے۔شاہ محمود نے فیٹف کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے موثر اقدامات سے نیوزی لینڈ کی وزیر خارجہ کو آگاہ کرتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نیوزی لینڈ تکنیکی بنیادوں پر پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔