• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف اداکار ماجد جہانگیر کی صدر و وزیراعظم سے مالی امداد کی اپیل

پاکستان ٹیلی ویژن کے سُنہری دور کے معروف مزاحیہ اداکار ماجد جہانگیر نے مالی امداد کے لیے حکومت سے مدد کی اپیل کردی۔

پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف پروگرام ’ففٹی ففٹی‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے ماجد جہانگیر گزشتہ کئی برسوں سے فالج کے مرض میں مبتلا ہیں، اب اُن کے ہاں فاقوں کی نوبت آگئی ہے۔

ففٹی ففٹی 80 کی دہائی کا ایک مشہور زمانہ ٹی وی کامیڈی شو ہے جس میں ماجد جہانگیر نے مرکزی کردار ادا کیا تھا،  یہ مشہور ڈرامہ 1979 سے 1985 تک نشر کیا گیا۔

اس ڈرامے کا شمار ان کلاسک ڈراموں میں ہوتا کہ جب انہیں نشر کیا جاتا تھا تو سڑکیں ویران و سنسان ہوجایا کرتی تھیں۔

ماجد نے چار پاکستانی فلموں کے ساتھ 35 سے زائد اسٹیج شو اور ریڈیو ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

دو دہائیوں تک شوبز انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے والے ماجد جہانگیر اب کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

 ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے فنی خدمات کے اعتراف میں تمغۂ امتیاز سے ضرور نوازا ہے لیکن مالی امداد نہیں کی، چھ سال سے فالج کا شکار ہوں،  کچھ نہیں کرسکتا، گورنر سندھ نے مالی امداد کا اعلان کیا لیکن کچھ نہیں ہوا۔

ماجد جہانگیر نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ ان کی مالی مدد کی جائے اور فنکاروں کے فنڈز سے ان کے لیے ماہانہ وظیفہ مقرر کیا جائے تاکہ وہ اشیائے خور و نوش اور ادویات کی خریداری کرسکیں۔

تازہ ترین