پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی ترجمان شازیہ مری نے کہا ہے کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغاز سراج درانی کہا ہیں، مجھے نہیں معلوم۔
کراچی میں میڈیا سےگفتگو میں شازیہ مری نے کہاکہ 17 اکتوبر کو باغ جناح میں سانحہ کارساز سے متعلق جلسہ کررہے ہیں،اس دن لوگ سلیکٹڈ وزیراعظم کو بتائیں گے وقت پورا ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ نااہل حکومت عوام پر قابص ہے، نہ ڈالر کا پتا نہ پیٹرول کا پتا کب بڑھ جائے۔
پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ جس طرح وزیراعظم نے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو معاف کرنے کا انکشاف کیا، اس سے ہر پاکستانی کو حیرانی ہوئی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کو کیا تحفے ملے ہیں؟ قوم یہ جاننا چاہتی ہے، حکومت تحائف کی تفصیلات کیوں نہیں بتارہی ہے؟
شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ عمران خان نے امپائر کا سیاست میں ذکر کرکے اداروں کو متنازع بنایا۔
پی پی ترجمان نے اسپیکر سندھ اسمبلی کے حوالے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے نہیں معلوم آغا سراج درانی کہاں ہیں، نیب کا رویہ ہمارے لوگوں کے ساتھ مختلف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اچھی بات ہے پیپلز پارٹی کے علاوہ کوئی اور بھی سول بالادستی کی بات کرے، جو عمران خان کررہے ہیں وہ سول بالادستی نہیں ذاتی مفاد ہے۔