• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کی قیمت میں3 سال میں 40 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، شیری رحمٰن


پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ حکومت نے 3 سال میں بجلی کی قیمت میں40 فیصد سے زائد اضافہ کیا اور اب تباہی سرکار آج پھر عوام پر پیٹرول بم گرانے جارہی ہے۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل دیتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ کابینہ کی طرف سے بجلی کی قیمت میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 1 روپے 68 پیسے فی یونٹ اضافہ کرکے عوام پر اربوں روپے کا بوجھ ڈالا جارہا ہے، اس حکومت نے3 سال میں بجلی کی قیمت میں40 فیصد سے زائد اضافہ کیا ہے۔

شیری رحمٰن نے کہا کہ بجلی کے ساتھ تباہی سرکار آج پھر عوام پر پیٹرول بم گرانے جارہی ہے، اوگرا نے پیٹرول 5 روپے اور ڈیزل 10 روپے فی لیٹر مہنگا کرنے کی تجویز دی ہے۔

پی پی سینیٹر نے کہا کہ عوام یاد رکھے پیٹرول مہنگا کرنے کی منظوری وزیراعظم خود دیتے ہیں،30 دن میں پیٹرول کی قیمتوں میں 3 بار اضافہ کہاں کا انصاف ہے؟

انہوں نے کہا کہ جو 20 کلو آٹا 740 روپے کا تھا وہ اب 1150 کا ہے،چینی جو 60 روپے کلو تھی وہ اب 110 روپے کلو ہے۔

سینیٹر شیری رحمٰن نے مزید کہا کہ نااہل حکومت نے مہنگائی اور بیروزگاری کے علاوہ عوام کو کچھ نہیں دیا۔

تازہ ترین