کراچی(نیوز ڈیسک)بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) جامعہ کراچی کے سربراہ اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کو بائیو آرگینگ کیمسٹری کے شعبے میں گرانقدر خدمات کے اعتراف میں مسلم دنیا کے سب سے بڑے سائنس اور ٹیکنالوجی کے اعزاز ”مصطفیٰ ﷺ پرائز برائے2021“ کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔آئی سی سی بی ایس، جامعہ کراچی کے ترجمان کے مطابق پروفیسر اقبال چوہدری مصطفیٰ ﷺ پرائزکی تقریبِ تقسیمِ انعامات میں شرکت کے لیے 18اکتوبر کوایران روانہ ہوں گے، تقریب کا انعقاد 21اکتوبر کوتہران شہر کے وحدت ہال میں ہوگا۔واضح رہے کہ مصطفیٰ ﷺ پرائز کو مسلم دنیا کا نوبل پرائز تصور کیا جاتا ہے جو دو سال میں ایک مرتبہ چار مختلف زمروں بشمول لائف اینڈ میڈیکل سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، نینو سائنس، نینو ٹیکنالوجی، انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے تمام شعبہ جات میں دیا جاتا ہے، اس سال یہ انعام پاکستان، ایران، بنگلہ دیش، لبنان اور مراکش کے سائنسدانوں کو متعلقہ شعبہ جات میں دیا جارہا ہے جس کے تحت ایک سائنسدان کو پانچ لاکھ ڈالر بطور انعام دیا جائے گا۔واضح رہے کہ پروفیسر اقبال چوہدری نےنامیاتی (آرگینک) اور حیاتی نامیات( بائیو آرگینک) کیمسٹری کے شعبے میں گراں قدر خدمات انجام دی ہیں اس ضمن میں ان کی تقریباً1175سائنسی اشاعتیں بین الاقوامی سطح پر شائع ہوچکی ہیں، امریکہ اور یورپ میں ان کی تحریرو ادارت کردہ76کتب شائع ہوچکی ہیں۔اس کے علاوہ40انٹرنیشنل اور یو ایس پیٹینٹ بھی قابل ذکر ہیں۔ مزیدبرآں ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری کیمیاء سے متعلق متعدد غیرملکی کتب و جرائد کے مدیر ہیں جبکہ ان کے سائنسی کام کو27ہزار مرتبہ بطور حوالہ پیش کیا گیا ہے،بین الاقوامی اعزازات کے حامل ہونے کے ساتھ ساتھ ان کو حکومتِ پاکستان کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیازاور ہلالِ امتیاز بھی عطا کیا جاچکا ہے، پروفیسر اقبال چوہدری وزیراعظم پاکستان کی زیرِ نگرانی قومی کمیشن برائے سائنس اور ٹیکنالوجی کے رکن بھی ہیں۔