• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ تعلیمی و سماجی رہنما ملالہ یوسف زئی سوشل میڈیا پر اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے میں کامیاب ہوگئیں۔

ملالہ یوسفزئی کے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر 2 ملین یعنی 20 لاکھ فالوورز ہوگئے ہیں۔

انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافے کے بعد ملالہ یوسفزئی بھی سوشل میڈیا پر مقبول سماجی رہنماؤں کی فہرست میں شامل ہوگئی ہیں۔

ملالہ کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا جائزہ لیا جائے تو اُنہوں نے اب تک صرف 69 پوسٹس کی ہیں جن میں اُن سماجی سرگرمیوں اور اپنی تصاویر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ملالہ یوسفزئی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے صرف 274 صارفین کو فالو کیا ہوا ہے۔

ملالہ نے انسٹاگرام پر پہلی پوسٹ سال 12 جولائی 2018 میں کی تھی جوکہ اُن کی 21ویں سالگرہ کی تقریب کی تھی جو اُنہوں نے برازیل میں منائی تھی۔

واضح رہے کہ ملالہ یوسف زئی 12 جولائی 1997ء کو سوات کے علاقے منگورہ میں پیدا ہوئیں۔

9 اکتوبر 2012 ء کو اسکول سے واپسی کے دوران دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا،جس میں وہ شدید زخمی ہوئیں،انہیں علاج کے لئے پہلے پشاور اور بعد ازاں برطانیہ منتقل کردیا گیا تھا۔

12 جولائی 2013ء کو اپنی سالگرہ کے دن ملالہ یوسف زئی نے اقوام متحدہ کے اجلاس سے خطاب بھی کیا تھا۔

انہیں 2014ء میں صرف 17 سال کی عمر میں امن کا نوبل انعام ملا تھاجبکہ ملالہ کو عالمی سطح پر 40 سے زائد ایوارڈز اور اعزازات سے نوازا جاچکا ہے۔

تازہ ترین