• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیخیں نکالنے کے شوق میں تبدیلی سرکار بہت آگے نکل چکی‘ صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ مسلط کرنے والوں کی سوچ کہاں کھو گئی کہ وہ سب کچھ آنکھوں سے دیکھتے ہوئے بھی یہ اندازہ لگانے سے قاصر ہیں کہ غربت و افلاس کا مارا گھرانہ جو پچاس روپے کے گھی سے دو وقت کا کھانا تیار کرتا تھا آج 49 روپے کے اضافے کے ساتھ پانی میں سبزی ابال کر کس طرح و کیونکر کھا پائے گا، گھر کے بڑے تو شاید ایسا کر بھی لیں مگر معصوم بچے جو کہ مسلط کردہ مہنگائی کی وجہ سے پہلے ہی سے کم خوراکی کا شکار ہیں وہ تو زندہ ہوتے ہوئے بھی زندہ درگور ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار چیخیں نکالنے کے شوق میں بہت آگے نکل چکی اور جانے سے پہلے ملکی معیشت اور عوامی مفادات پر ایسی کاری ضرب لگا کے جائے گی کہ آنے والی حکومتیں بھی اس گھائو کو بھر نہیں پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وقت و حالات نے ہمیشہ یہ ثابت کردکھایا کہ نظریہ ضرورت کی اب تک مسلط کی جانے والی ہر حکومت نے عوام کو دو دھاری تلوار سے کاٹا، اسے معاشی بدحالی سے دوچار کیا قوم کے سینے پر غربت و افلاس کا کیل ٹھونک کر اسے بے یارومددگار چھوڑ دیا۔ سلطنت عمرانیہ بھی اپنے آقائوں کے آزمودہ فارمولے پر کاربند ہے۔فرق صرف اتنا ہے کہ پہلے لڑائو اور حکومت کرو اور اب اپنی ہی قوم کو فتح کر لینے کے اندھے جنون اس فارمولے میں معاشی بدحالی کی بڑھوتی کی ویکسین شامل کردی ہے تاکہ عوام معاشی بدحالی اور مسلسل فاقہ کشی کے بعد قابل ہی نہ رہ سکیں کہ وہ ان کے خلاف کسی بھی ممکنہ تحریک کا حصہ بن سکیں۔
تازہ ترین