کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) بولی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے پاکستان سپر لیگ جیتنے پر پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کو مبارک باد دی ہے اور دونوں ملکوں کی حکومتوں کے رضامند ہونے پر پشاور زلمی اور کول کتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان دبئی یا لندن میں نیوٹرل مقام پر تین میچوں کی سیریز تجویز پیش کی ہے ۔ دریں اثنا ء جمعرات کو وزیر اعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کی جانب سے دیاگیا استقبالیہ ملتوی کردیا گیا ہے۔ اس تقریب میں وزیر اعلی کی جانب کی فاتح پشاور زلمی کو دو کروڑ روپے کے انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔ بدھ کو جاوید آفرید ی نے جنگ کو فون پر دیئے گئے انٹر ویو میں بتایا کہ اس شاندار کامیابی پر مجھے دنیا بھر سے مبارک باد کے فون آرہے ہیں۔ ان میں افغانستان کے صدر اشرف غنی، شاہ رخ خان، بھارت اداکار سنجے کپور اور گلشن گروور شامل ہیں۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ شاہ رخ خان نے تجویز دی ہے کہ میں بھارتی حکومت سے اجازت لیتا ہوں آپ پاکستان حکومت سے اجازت حاصل کریں تو پشاور زلمی اور کول کتہ نائٹ رائیڈرز کے درمیان دبئی یا لندن میں تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی جاسکتی ہے۔ شاہ رخ خان کول کتہ نائٹ رائیڈرز کے مالک ہیں۔ جاوید آفریدی نے کہا کہ ڈیر سیمی اورمارلن سیموئلز نے پاکستان آنے سے قبل جن جذبات کا اظہار کیا تھا وہ سن کر ہر پاکستانی کی آنکھوں میں آنسو آجائیں گے۔ دونوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں جاکر کھیلنا ہمارے لئے اعزاز ہے اور ہم اپنی فرنچائز کے لئے قربانی دینے کو تیا ر ہیں۔ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے پاکستان سپر لیگ کے دوسرے ایڈیشن کی فاتح پشاور زلمی کی ٹیم کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کابل کے دورے کی دعوت دی ہے۔پشاور زلمی نے پانچ مارچ کو لاہور میں کھیلے گئے فائنل میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کو شکست دے کر پہلی بار یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔ پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کا کہنا تھا کہ افغان نائب وزیر خارجہ حکمت خلیل کرزئی نے انھیں فون پر صدر غنی کی طرف سے مبارکباد اور افغانستان کے دورے کی دعوت کا پیغام پہنچایا ہے۔ جاوید آفریدی کے مطابق انھوں نے یہ دعوت قبول کر لی ہے اور پشاور زلمی کی ٹیم رواں سال موسم گرما میں کابل کا دورہ کرے گی اور اس ٹیم میں شاہد آفریدی سمیت تمام بڑے کھلاڑی شامل ہوں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا پشاور زلمی کی ٹیم اپنی کوششوں سے افغانستان اور پاکستان کو قریب لا سکتی ہے اور کرکٹ کے ذریعے سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آ سکتے ہیں۔