• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلسوں میں مائوں بہنوں کا کیاکام، کیا تمہارے کہنے پراستعفیٰ دیدوں،جائو کرکٹ کھیلو، سیاست تمہارا کام نہیں، نواز شریف

اوکاڑہ‘شیرگڑھ(ایجنسیاں) وزیراعظم محمد شریف نے کہا ہے کہ 2018ءمیںلوڈ شیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا‘نوازشریف جووعدہ کرتاہے پوراکرتا ہے ‘کسی کے کہنے پرگھرنہیں جاؤں گا‘ مخالفین صرف احتجاج کی سیاست کرتے رہیں گے، ہم سڑکیں بناتے رہیں گے اور یہ سڑکیں ناپتے رہیں گے‘ ہم کام کررہے ہیں‘ فارغ نہیں بیٹھے ‘مخالفین ٹانگیں کھینچنے میں مصروف ہیں‘ انہوں نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کیاتمہارے کہنے پر استعفیٰ دیدوں‘جاؤ کرکٹ کھیلو‘ سیاست تمہاراکام نہیں‘ سیاست اور ملک چلانا تمہارے بس کی بات نہیں ‘ان کی جلسی اورہمارے جلسے میں زمین اور آسمان کا فرق ہے‘ان کے نصیب میں احتجاج اور ہماری قسمت میں عوام کی خدمت ہے‘2018ءکا الیکشن بھی ہم جیتیں  گے‘ماضی کی حکومتیں بجلی کا کباڑاکرگئیں‘ لوڈشیڈنگ کے موجداس کے خلاف احتجاج کررہے ہیں‘ جلسوں میں ماؤں بہنوں کا کیاکام ہے‘ایک دفعہ جو دوست بن جائے پھر وہ زندگی بھر کا دوست رہتا ہے‘ ہماری دوستی زندگی بھرکیلئے ہوتی ہے‘جس سے دوستی کرتے ہیں نبھاتے ہیں۔ ہفتہ کو اوکاڑہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ عوام کا جوش و خروش 2013ءکا منظر یاد دلا رہا ہے‘اپنی کارکردگی کے باعث مسلم لیگ (ن) اگلے انتخابات میں پھر کامیاب ہو گی‘960میگاواٹ نیلم جہلم منصوبہ اگلے سال مکمل ہو گا‘ماضی کے حکمرانوں نے عوام کو اندھیروں میں رکھا‘پاکستان تیزی سے ترقی کر رہا ہے، دہشت گردی ختم‘کراچی کا امن بحال ہو رہا ہے‘ہم نے اوکاڑہ کیلئے 47کروڑ روپے سوئی گیس پر خرچ کیا جائیگا ‘ انہوںنے کہاکہ مخالفین چھوٹی چھوٹی جلسیاں کررہے ہیں ان کی جلسی اورہمارے جلسے میں زمین آسمان کا فرق ہے‘ پاکستان ترقی کررہا ہے‘ احتجاج کر نے والے احتجاج ہی کر تے رہ جائینگے ‘ان کے پلے احتجاج کے علاوہ کچھ نہیں ہے ہر بات پر کہتے ہیں نواز شریف استعفیٰ دو ٗکیانواز شریف تمہارے کہنے پر استعفیٰ دیگا ٗ جائو جا کر کرکٹ کھیلو !یہ سیاست تمہارا کام نہیں ٗ ملک چلانا تمہارے بس کی بات نہیں ‘ تم صرف کرکٹ ہی کھیلتے رہو وہ کافی ہے اب وہ بھی نہیں کھیل سکتے جو کھیل لی ہے وہ کھیل لی‘وزیر اعظم نے کہاکہ ہم کرکٹ بھی کھیلے ہیں اورپاکستانی عوام کی خدمت بھی کررہے ہیں‘عوام کا جذبہ دیکھ کر مخالفین جلسیاں کر نا بھی بند کر دینگے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئےوزیراعظم نے بریگیڈیئر(ر) جاوید حسن شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارے پرانے دوست ہیں، ہماری جس سے دوستی ہوتی ہے اس کو نبھاتے ہیں ایک دفعہ جو دوست بن جائے پھر وہ زندگی بھر کا دوست رہتا ہے۔قبل ازیں  شیر گڑھ میں رکن قومی اسمبلی عاشق حسین کرمانی کی رہائش گاہ پر علاقہ عمائدین کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میاں  نواز شریف نے کہاکہ ہم کام کر رہے ہیں اسی لئے ہمارے مخالفین ہماری ٹانگیں کھینچ رہے ہیں اور ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں‘ان کے نصیب میں احتجاج اور ہماری قسمت میں عوام کی خدمت ہے‘وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں ورثے میں لوڈ شیڈنگ ملی ہم اس کو ٹھیک کر رہے ہیں‘ ہمارے مخالفین کو معلوم ہے کہ اگر ہم اسی طرح کام کرتے رہے تو وہ 2018ء میں بھی فارغ ہیں۔ وزیر اعظم نے شیر گڑھ کے 100 دیہاتوں کو گیس کی فراہمی کیلئے 50 کروڑ روپے جبکہ علاقہ کی یونین کونسلز میں بنیادی مسائل کے حل کیلئے بھی 50 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان بھی کیا۔اس موقع پر ایم پی اے عبدالرزاق خان نیازی نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔دریں اثناءنواز شریف نے ہفتہ کو شیر گڑھ میں حضرت ابراہیم داؤد کرمانی ؒکے مزار کا دورہ کیا اور وہاں پھولوں کی چادر چڑھائی۔وزیر اعظم نے گزشتہ روز شیر گڑھ میں گندم کٹائی مہم کا افتتاح بھی کیا۔
تازہ ترین