کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سورٹھ تھیبو نے بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری سے اپیل کی ہے کہ وہ صوبائی وزیر امداد پتافی کے خلاف کارروائی کریں۔ انہوں نے صوبائی وزیر امداد پتافی کے اپنے بارے میں ریمارکس پر سخت احتجاج کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کے ایک رکن نے مجھ پر جملے کسے ہیں اور مجھ پاگل کہا کیونکہ میں نے زمینوں پر قبضوں اور کرپشن کے خلاف بات کی۔ پیپلز پارٹی کے رکن کی باتوں سے مجھے بہت افسوس ہوا ہے۔ جمعرات کو سندھ اسمبلی کے اجلاس سے قبل میڈیا سے بات چیت کررہی تھی۔ سورٹھ تھیبو نے کہا کہ سچ کہنا اگر پاگل پن ہے تو میں پاگل ہوں۔
میں بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری سے اپیل کرتی ہوں کہ ایسے وڈیروں کے خلاف کارروائی کی جائے، جو بہن بیٹیوں کی عزت نہیں کرتے۔ کبھی میرے دپٹے کی بات کی جاتی ہے اور کبھی مجھ پر گندی نظریں ڈالی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ سرے محل کس کا ہے۔ عمران خان کنٹینر پر کھڑے ہو کر جن کو ڈاکو بولا کرتے تھے، آج وہ انہیں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سورٹھ تھیبو نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں بھی امداد پتافی کے ریمارکس پر احتجاج کیا اور کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی نے مجھے ( چری ) کہا۔ ایسی غلیظ سوچ رکھنے والے افراد اسمبلی میں آ جاتے ہیں۔ میں نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دی ہیں۔ ہاں میں پاگل ہوں اور پاگل ہی عوام کے حقوق کی بات کرتے ہیں۔