قتل کیس میں دو بھائیوں کو عمر قید،2کو 16 سال سزا

October 19, 2021

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکا نے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے والے دو بھائیوں کو عمر قید دو کو سولہ سال سزا اور لاکھوں روپے جرمانہ، ہرجانہ اور ارش ادا کرنے کا حکم دیدیا۔ گزشتہ سال 29مارچ کو تھانہ کہوٹہ میں درج رپورٹ کے مطابق مظہر نامی شخص گائوں پوٹھی میں اپنی کریانہ کی دکان پر بیٹھا تھا کہ کسی بات پر اپنے ہی رشتہ دار اشتیاق کے ساتھ جھگڑا ہوگیا ۔فریقین لڑتے لڑتے مظہر کے گھر جا پہنچے جہاں مظہر نے فائرنگ کر کے اشتیاق کو قتل کر ڈالا تو وہیں موجود مقتول کے بھائیوں جاوید اقبال اور ارشد محمود نے گولیاں مار کر مظہر کی جان لے لی جبکہ دو دوسرے بھائیوں کی فائرنگ سے دو لوگ زخمی بھی ہوئے۔ ٹرائل مکمل ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے مظہر کو قتل کرنے کے جرم میں دونوں بھائیوں جاوید اقبال اور ارشد محمود کو عمر قید اور تین تین لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے تیسرے بھائی طارق محمود کو شرافت محمود پر قاتلانہ حملے کے جرم میں دس سال قید ایک لاکھ روپے جرمانہ کے علاوہ زخمی کرنے پر چار سال قید اور 348030ارش ادا کرنے کا حکم دیتے ہوئے علی اکبر نامی شخص کو زخمی کرنے پر چوتھے بھائی طاہر محمود کو دو سال قید اور ایک لاکھ روپے دامان ادا کرنے کا حکم دیکر دونوں بھائیوں کو باقی الزامات سے بری کر دیا۔علاوہ ازیں عدالت نے جاوید وغیرہ کی طرف سے علی اکبر اور شرافت محمود کو فریق بناکر دائر کئے جانے والے دعویٰ میں دونوں کو بری کر دیا۔