بھارت، پیٹرول پمپ مالک کا بھانجی کی پیدائش پر مفت پیٹرول دینے کا اعلان

October 20, 2021

بھارت ہو یا پاکستان ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ایسے میں کہیں سے مفت پیٹرول ملنا کسی خواب سے کم نہیں۔

بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ایک پیٹرول پمپ کے مالک نے اپنی بہن کے گھر بیٹی کی پیدائش پر مفت پیٹرول دینے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 9 اکتوبر کو مدھیہ پردیش کے بیتول ضلع میں پیٹرول پمپ کے مالک دیپک سینانی کی بہن کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی۔

خوشی کی خبر ملنے کے بعد سینانی نے کچھ منفرد اور خاص کرنے کا سوچا، بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے سینانی نے کہا کہ جب مفت پیٹرول دینے کا خیال میرے ذہن میں آیا تو میں ڈر گیا کہ لوگ سوچیں گے کہ یہ میرے پیٹرول پمپ کی تشہیر کیلئے ہے لیکن میں نے بعد میں اس خیال کو رد کردیا اور صارفین کو اضافی پیٹرول دے دیا جس سے وہ خوش ہوگئے۔

پیٹرول پمپ کے مالک نے بتایا کہ صبح 9 سے گیارہ اور شام 5 بجے سے 7 بجے کے درمیان زیادہ گاہک آتے ہیں لہذا میں نے اس وقت پانچ سے 10 فیصد اضافی پیٹرول فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔