پھلوں کی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ ہوا، پارلیمانی سیکرٹری

October 23, 2021

اسلام آباد (اے پی پی)پارلیمانی سیکرٹری برائے تجارت عالیہ حمزہ نے کہا ہے کہ پھلوں کی برآمدات میں 19 فیصد اضافہ ہوا ہے، کینو سمیت دیگر پھلوں کی برآمدات کے فروغ کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دیئے گئے ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران مسلم لیگ (ن) کے رکن علی گوہر خان کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان برآمد اور مقامی کھپت کے لئے پھلوں کی مختلف انواع پیدا کرتا ہے۔ کھجوریں، سیب، امرود ، آم اور دیگر پھل بھاری مقدار میں بیرون ملک برآمد کئے جاتے ہیں۔ پھلوں کی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے لئے ایگرو ونگ قائم کیا گیا ہے۔ اس کا مقصد مصنوعات اور مارکیٹوں کے اختلافات کا خاتمہ اور پھلوں کی درآمد میں رکاوٹوں کو دور کرنا ہے۔