پاکستان: 10 کروڑ کورونا ویکسین ڈوز لگا دی گئیں

October 23, 2021

پاکستان نے کورونا وائرس کی 10 کروڑ ویکسین کی خوراکیں لگانے کا سنگِ میل حاصل کر لیا۔

یہ بات پاکستان میں کورونا وائرس کی وباء کی روک تھام کے لیے قائم کیئے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ و وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے ایک بیان میں کہی ہے۔

اسد عمر کا کہنا ہے کہ الحمد للّٰہ آج ملک میں کورونا ویکسینیشن کی تعداد 10 کروڑ سے بڑھ گئی ہے، 3 کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسینیشن مکمل ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ 3 کروڑ افراد نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی ایک ڈوز لگوائی ہے۔

سربراہ این سی او سی اسد عمر نے زور دیا ہے کہ انتہائی ضروری ہے کہ جو لوگ کورونا وائرس کی ویکسین کی ایک ڈوز لگوا چکے ہیں وہ دوسری ڈوز بھی لگوائیں۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ روز 6 لاکھ 81 ہزار 520 افراد کو ویکسین لگائی گئی، جبکہ ملک بھر میں اب تک 10 کروڑ 16 ہزار 587 ویکسین کی خوراکیں لگائی جا چکی ہیں۔