میگھن مارکل امریکی کانگریس کو خط لکھنے پر تنقید کا شکار

October 23, 2021

شاہی خاندان سے علیحدگی اختیار کرنے والے برطانوی شہزادہ ہیری کی اہلیہ میگھن مارکل امریکی کا نگریس کو خط لکھنے پر تنقید کا شکار ہوگئی ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میگھن مارکل کو امریکی کانگریس کو تنخواہ کے ساتھ خاندانی چھٹی (Paid Family Leave) کے بارے میں خط لکھنے کے لیے اپنے شاہی لقب کا استعمال کرنا مہنگا پڑگیا۔

میگھن کا لکھا ہوا خط جوکہ بدھ کو جاری کیا گیا تھا، اس پر انہوں نے رائل ٹائٹل کے ساتھ اپنے دستخط کیے ہیں، ایسا کرکے انہوں نے صدیوں سے چلے آنے والے شاہی پروٹوکول کو توڑا ہے۔

شاہی خاندان غیر سیاسی رہا ہے اور اس طرح کے معاملات میں ملوث نہیں ہوا۔ شاہی خاندان کا کردار رسمی ہوتا ہے اور سیاسی طاقت کا استعمال نہیں کرتا ہے۔

اس کے علاوہ یہ بھی یاد رہے کہ میگھن مارکل شہزادہ ہیری اور میگھن کو شاہی خاندان سے علیحدگی کے بعد رائل ٹائٹلز رکھنے کی اجازت ہے لیکن وہ اپنے رائل ٹائٹلز کا استعمال نہیں کرسکتے۔

واضح رہے کہ میگھن مارکل نے بدھ کے روز امریکی کانگریس کو خط لکھا تھا۔

انہوں نے اپنے خط میں مطالبہ کیا تھا کہ حکومت شہریوں کو تنخواہ کے ساتھ خاندانی چھٹی(paid Family Leave) فراہم کرے۔

میگھن مارکل نے ہاؤس اسپیکر نینسی پلوسی اور سینیٹ میجوریٹی لیڈر چارلس شمر کو خط میں لکھا تھا کہ ’وہ ایک منتخب عہدیدار نہیں ہیں اور نہ ہی سیاستدان ہیں، بہت سے لوگوں کی طرح، ایک مصروف شہری اور ماں ہیں۔‘

انہوں نے اپنے خط میں لکھا تھا کہ تنخواہ کے ساتھ چھٹی ہر شہری کا قومی حق ہونا چاہیے۔