محمد صلاح اپنا باقی کیریئر بھی لیور پول کے ساتھ گزارنے کے خواہاں

October 25, 2021

لندن (پی اے) مصر کے معروف فٹبالر محمد صلاح نے کہا ہے کہ وہ اپنا باقی کیریئر لیور پول کے ساتھ کھیل کر گزارنا چاہتے ہیں۔ 29 سالہ انٹرنیشنل فٹبالر کا لیور پول کے ساتھ موجودہ معاہدہ سمر 2025 میں ختم ہو جائے گا اور لیورپول ایک نئے طویل مدتی معاہدے کیلئے مذاکرات کو حتمی شکل دینے کیلئے بے چین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا انحصار مجھ پر نہیں ہے اگر آپ مجھ سے پوچھتے ہیں تو میں اپنا باقی کیریئر بھی لیور پول کے ساتھ فٹبال کھیل کر گزارنا چاہتا ہوں۔ سکائی سپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے سپر اسٹار فٹبالر محمد صلاح نے کہا کہ میں اس سے زیادہ کچھ نہیں کہہ سکتا کیونکہ یہ میرے ہاتھ میں نہیں ہے، یہ کلب پر منحصر ہے کہ وہ کیا چاہتا ہے، اس کا انحصار مجھ پر نہیں ہے۔ فی الوقت میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ میں کبھی بھی لیور پول کے خلاف نہیں کھیلنا چاہتا کیونکہ مجھے اس پر افسوس ہوگا۔ یہ بہت مشکل ہے میں اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا لیکن اس سے مجھے بہت دکھ ہوگا اور فی الوقت میں خود کو لیورپول کے مدمقابل نہیں دیکھناچاہتا ہوں لیکن دیکھتے ہیں کہ مستقبل میں کیا ہوگا۔ محمد صلاح جرگن کلوپ کے کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے رواں سیزن میں زبردست فارم میں ہیں۔انہوں نے ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے خلاف ہفتے کے وسط میں میچ کے دوران چیمپئنز لیگ میچ میں اپنا 11 اور 12 واں گول کیا تھا۔ تمام مقابلوں کے 11 میچز میں انہوں نے 12 گول کئے ہیں۔ معروف فٹبالر محمد صلاح نے ستمبر میں لیورپول کی جانب سے تیر ترین 100 گول کرنے والے فٹبالر کا اعزاز حاصل کیا اور وہ انگلش پریمیئر لیگ میں تیز ترین 100 گول کرنے والوں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔ انہوں نے 162 میچوں میں گولز کی سنچری مکمل کی تھی۔ محمد صلاح نے اپنے آخری 9 میچوں میں مسلسل گول اسکور کئے ہیں۔