5829ارب ہو یا زائد ٹارگٹ پورا کر دکھائینگے‘ چیئرمین ایف بی آر

October 25, 2021

اسلام آباد (حنیف خالد) چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے ہیڈ کوارٹرز کے ممبر صاحبان اور سیڈ فارمیشنوں کے چیف کمشنروں‘ چیف کلکٹروں‘ کمشنروں‘ کلکٹروں اور انکی ٹیموں میں شامل بنیادی سکیل 21تک کے تمام عہدیداروں اور سٹاف کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے شاباش اور مبارکباد دی ہے جنہوں نے 15اکتوبر 2021ء تک ملکی تاریخ کا آل ٹائم ریکارڈ ریونیو جمع کیا ہے۔

انہوں نے ایف بی آر کے ترجمان اور انکی ٹیم کو بھی شاباش دی ہے۔ ڈاکٹر محمد اشفاق احمد نے ہیڈ کوارٹرز اور فیلڈ فارمیشنوں کی ٹیموں کو کہا ہے کہ وہ 30جون 2022ء تک کا 5829ارب روپے کا نیا ٹارگٹ حاصل کر کے پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر سرخرو کریں۔

یہ سب ٹیم ورک سے ہو گا۔ ڈاکٹر محمد اشفاق احمد چیئرمین ایف بی آر نے کہا کہ وفاقی مشیر خزانہ شوکت فیاض احمد ترین ایف بی آر کو جتنا بھی ٹارگٹ حکومتی فیصلے کے مطابق دینگے ایف بی آر ہیڈکوارٹر اور فیلڈ فارمیشنیں اور کلکٹریٹس انشاء اللّٰہ اسے پورا کر دکھائیں گے۔

چیئرمین ایف بی آر کی طرف سے انکے ترجمان اسد طاہر جپہ نے جنگ کو بتایا کہ موجودہ چیئرمین نے نہ صرف ریونیو جمع کرنے کا آل ٹائم ریکارڈ بنا دکھایا ہے بلکہ انہوں نے ڈیف بیس میں ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ وسعت کر دکھائی ہے۔

2021-22ء کی پہلی سہ ماہی میں ایف بی آر نے مقررہ ٹارگٹ سے 189ارب روپے کا زیادہ ٹیکس جمع کر کے عالمی اداروں کے تخمینوں کو غلط ثابت کیا ہے۔