مہنگائی کے بے رحم سونامی نے ہر طرف تباہی مچا رکھی ہے ڈاکٹر فائزہ رشید

October 25, 2021

پشاور( نمائندہ خصوصی)قومی وطن پارٹی کی وائس چیئرپرسن ڈاکٹر فائزہ رشید نے کہا ہے کہ بجلی،پٹرول اور ڈالر ملکی تاریخ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہیں مہنگائی کے بے رحم سونامی نے ہر طرف تباہی مچا رکھی ہے تبدیلی سرکار نے اس بات کا عہد کر رکھا ہے کہ نئے پاکستان میں غربت کو نہیں بلکہ غریب کو ختم کرنا ہے اسی لئے وفاقی وزراء اور حکومتی شخصیات کی جانب سے بڑھتی مہنگائی کے مختلف جواز اور عوام کو روٹی اور چینی کم کھانے کے مفت مشورے دیئے جا رہے ہیں جبکہ حکومت وقت کا ایک المیہ یہ بھی ہے کہ جب کبھی بھی بڑھتی مہنگائی کا نوٹس لیتی ہے تو کم ہونے کی بجائے مزید مہنگائی ہو جاتی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ معیشت کی بحالی کے حکومتی دعوؤں کی قلعی مکمل طور پر کھلنے کی وجہ سے تبدیلی سرکار عوامی اعتبار کھونے کی طرف تیزی سے گامزن ہے جس کا ثبوت حالیہ پلس سروے رپورٹ ہے جسکے مطابق ملک کے 75 فیصد عوام یہ سمجھتے ہیں کہ حکومت معاشی طور پر غلط سمت پر گامزن ہے جسکی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے تاہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے تین سالوں میں عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کوئی جامع اقدامات تو نہیں کیئے محض اپنی تقاریر میں بلند و بانگ دعوے اور باتوں کی حد تک محدود رہے ہیں۔