قاہرہ: مصر ایئر کی ماسکو کیلئے پرواز بم کی دھمکی پر اتارلی گئی

October 27, 2021

مصر سے ماسکو کے لیے اڑان بھرنے والی قومی ایئر لائن کی پرواز میں بم کی اطلاع پر طیارے کو واپس بلوا کر قاہرہ میں اتار لیا گیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مصر ایئر کی پرواز ایم ایس 729 نے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجکر 11 منٹ پر ماسکو کےلیے ٹیک آف کیا۔

اڑان کے 15 منٹ بعد طیارے نے منصورہ شہر کی فضائی حدود عبور کی تھی کہ کنٹرول ٹاور کو طیارے میں بم کی موجودگی کی دھمکی دی گئی۔

جس پر کنٹرول ٹاور نے پائلٹ کو واپس قاہرہ اترنے کی ہدایت کی، ایئربس اے 220 طیارہ کو روانگی کے 55 منٹ بعد واپس بحفاظت قاہرہ اتار لیا گیا۔

طیارے سے تمام مسافروں کو آف لوڈ کرکے طیارے کی مکمل تلاشی لی گئی۔

تاہم آخری اطلاعات تک طیارے سے کوئی دھماکا خیز مواد یا مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی۔