وزیراعلیٰ پنجاب کی شاکر شجاع آبادی کے علاج کی ہدایت، سندھ حکومت کی بھی پیشکش

October 28, 2021

ملتان ،کراچی(نمائندہ جنگ/اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معروف سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کے علاج معالجے کی ہدایات کر دی ہیں ،پنجاب حکومت سرائیکی شاعر کے علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرے گی جبکہ سندھ حکومت نے معروف سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کا علاج کرانے کی پیشکش کی ہے،شاکر شجاع آبادی کی بیماری و کسمپرسی کا پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نوٹس لیتے ہوئے سندھ کے وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ کو شاکر شجاع آبادی کا علاج کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کے علاج معالجے کیلئے ہدایات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت شاکر شجاع آبادی کے علاج معالجے کے اخراجات برداشت کرے گی ان کے اوران کے خاندان کی پوری دیکھ بھال کی جائے گی،وزیر اعلیٰ کے نوٹس کے بعد ڈپٹی کمشنر عامر کریم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ناصر شہزاد ڈوگر شاکر شجاع آبادی کی عیادت کے لئے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئےاور ان کی خیریت دریافت کی اور بتایا کہ ڈپٹی کمشنر نے نشتر ہسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کا میڈیکل بورڈ تشکیل دیاہے اور آج آپ کو ملتان نشتر ریفر کردیا جائے گا۔