• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بولٹن میں برفباری اور شدید سردی کا الرٹ جاری

تصویر سوشل میڈیا۔
تصویر سوشل میڈیا۔

گریٹر مانچسٹر میں محکمہ موسمیات نے بولٹن اور شمال مغربی انگلینڈ کے لیے برفباری اور شدید سردی کے باعث ایمبر وارننگ جاری کر دی ہے، جو 9 جنوری تک نافذ العمل رہے گی۔ 

حکام کے مطابق برف، برفانی ہوائیں اور شدید سرد موسم روزمرہ زندگی کو متاثر کر سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ میتھیو لینرٹ کا کہنا ہے کہ سال کے پہلے مکمل ہفتے کے آغاز پر ملک کے مختلف حصوں کو سرد موسم کے خطرات کا سامنا ہے، جس میں برفباری اور پھسلن شامل ہیں۔ شمالی اسکاٹ لینڈ میں بعض علاقوں میں مزید 20 سے 30 سینٹی میٹر تک برف پڑنے کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر حصوں میں بھی وقفے وقفے سے برفباری اور شدید سردی متوقع ہے، تاہم منگل سے نسبتاً گرم ہوا جنوب کی جانب سے داخل ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں جنوبی علاقوں میں بارش جبکہ سرد اور گرم ہواؤں کے سنگم پر مزید برفباری کا خدشہ بھی موجود ہے۔ ہفتے کے آخر میں تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔

ادھر یوکے ہیلتھ سیکیورٹی ایجنسی نے انگلینڈ کے لیے 6 جنوری تک سردی سے متعلق صحت کا ایمبر الرٹ جاری کیا ہے۔ ادارے نے بزرگوں، دائمی بیماریوں میں مبتلا افراد اور کمزور طبقات کا خاص خیال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین کے مطابق شدید سردی دل کے دورے، فالج اور سینے کے انفیکشن کے خطرات میں اضافہ کر سکتی ہے۔

بولٹن میں آج درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت صرف ایک ڈگری رہنے کا امکان ہے۔ شدید سردی کے باعث درجہ حرارت منفی 7 ڈگری تک محسوس کیا جا رہا ہے۔

حکام نے ڈرائیوروں اور پیدل چلنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر جمی ہوئی برف کے باعث پھسلن ہے، خاص طور پر غیر نمک شدہ راستوں پر حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ بعض شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام کی رپورٹ موصول ہوئی ہیں، جہاں گاڑیاں انتہائی سست روی سے چل رہی ہیں۔

شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، اضافی وقت رکھ کر سفر کرنے اور تازہ موسمی اطلاعات پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید