اسلام آباد کے دیہی علاقے مسائل کی آماجگاہ بن گئے، جماعت اسلامی کنونشن

October 28, 2021

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) جماعت اسلامی کے زیر اہتمام اسلام آباد کے انتخابی حلقہ این اے 52 کا ورکرز کنونشن ہوا جس میں این 52کے دیہی اور شہری علاقے سے بڑی تعداد میں ارکان، کارکنوں نے شر کت کی۔ کنونشن میں متعدد افراد نے پی ٹی آئی ، مسلم لیگ ن کو خیر آباد کہہ کر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ورکرز کنونشن سے جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر میاں محمد اسلم ، جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا ، گروپ لیڈر این 52ملک عبدالعزیزسمیت ناظمین یونین کو نسل بلدیاتی اُمیدواروں نے خطاب کیا ۔ میاں محمد اسلم نے کہا اسلام آباد کے منتخب نمائندوں کے ہو تے ہو ئے اسلام آباد کی عوام حق نمائندگی سے محروم ہیں ۔دارالحکومت کے سیکٹرز بالعموم اور دیہی علاقے بالخصوص پانی سمیت مسائل کی آماجگاہ بن گئے ہیں۔ اقتدار میں آکر ہر سیکٹر میں ماڈل تعلیمی ادارے قائم کریں گے۔ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا ملک میں چوروں اور لٹیروں سے نجات کے ذریعے ہی تبدیلی آسکتی ہے اور قیادت کے تبدیلی کے بغیر انقلاب نہیں آسکتا ۔ این اے 54 کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔نصر اللہ رندھاوا نے کہا جماعت اسلامی نے اسلام آباد کے شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے 13نکاتی چارٹر آف اسلام آباد تیار کیا ہے جسے بھر پور عوامی قوت سے نافذ کروائیں گے۔آئندہ انتخابات میں رسہ گیروں اور کرپشن کے پروردہ لوگوں کار استہ روکنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے ۔