چٹاگانگ، عابد اور عبدﷲ کی ریکارڈ شراکت، ہدف آسان کردیا، بنگلہ دیش کی شکست یقینی

November 30, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن بولنگ اور اوپنرز عابد علی اور عبداللہ شفیق کی ایک اور شاندارشراکت کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف پہلا ٹیسٹ جیتنے کے قریب ہے۔ بنگلہ دیش کو دوسری اننگز میں157رنز پر آئوٹ کرنے کے بعد پاکستان کو جیت کے لئے202رنز کا ہدف ملا۔ جو اوپنرز نے آسان بنادیا ۔پیر کو چوتھے دن کھیل کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کسی کے نقصان کے109رنز بنائے اسے جیت کے لئےمزید93رنز کی ضرورت ہے۔ تیسرے دن 14وکٹیں گریں لیکن چوتھے دن وکٹ کا رویہ تبدیل دکھائی دیا۔پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے عابد علی چھ چوکوں کی مدد سے56رنز پر کھیل رہے ہیں ۔ ڈیبیو ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں نصف سنچری بنانے والے عبداللہ شفیق93گیندوں پر53رنز پر نا قابل شکست ہیں، انہوں نے ایک چھکا اور چھ چوکے مارے ہیں۔ بنگلہ دیشی اسپنرز دوسری اننگز میں مشکلات پیدا نہ کر سکے۔ سات وکٹ لینے والے تیج الاسلام کے16اوورز میں37رنز بنے۔ اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی نے32رنز دے کر پانچ اور اسپنرساجد خان نے33رنز دے کر تین وکٹ حاصل کئے۔ حسن علی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ پاکستانی بولر لٹن داس کو نصف سنچری بنانے سے نہ روک سکی ۔ لٹن داس پہلی اننگز میں67رنز پر ڈراپ کیچ کا فائدہ اٹھا کر سنچری بنا گئے تھے۔ اس مرتبہ 8 کے انفرادی اسکور پر نعمان علی کی گیند پر رضوان نے انھیں اسٹمپڈ کرنے کا موقع ضائع کر دیا۔ اس سے قبل 26رنز پر وہ شارٹ لیگ پر کیچ ہوگئے لیکن ریویو لٹن داس کی اننگز بچا گیا۔ پہلی اننگز میں 91رنز کی اننگزکھیلنے والے مشفیق الرحیم 16رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 90رنز کے مجموعے پر 36رنز بنانے والے یاسر علی، شاہین شاہ آفریدی کی تیز گیند لگنے سے زخمی ہوکر میچ سے باہر ہوگئے۔ مہدی حسن کو ساجد خان نے 11رنز کے انفرادی اسکور پرکیچ آوٹ کرادیا ۔115رنز پر6وکٹیں گرنے کے بعد لٹن داس کا ساتھ دینے نور الحسن آئے جنہیں یاسر علی کی جگہ ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔ نورالحسن اور لٹن نے اسکور157رنز تک پہنچایا ، یہاں نورالحسن15رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ آخری دو کھلاڑی اسکور میں کوئی اضافہ کیے بغیر وکٹ دے بیٹھے، یوں پوری ٹیم 157رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پہلی اننگز میں ہوم ٹیم نے330رنز بنائے تھے ۔ جواب میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں286رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تیج الاسلام نے 7وکٹیں حاصل کی تھیں۔